واشنگٹن(نیوز ڈیسک) امریکا میں پیش آیا انوکھا واقعہ جسے دیکھ کر طبی ماہرین بھی دنگ رہ گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں ایک 63 سالہ شخص اپنے معمول کے میڈیکل چیک اپ کیلئے ڈاکٹرز کے پاس گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی آنتوں کی کالون اسکوپی کی۔
کالون اسکوپی کیمرے کی مدد سے آنتوں کے اندرونی حصے کے معائنے کو کہتے ہیں۔
ڈاکٹرز کے مطابق بڑی آنت کی کالون اسکوپی بلکل درست جا رہی تھی کہ اچانک کیمرے نے عجیب و غریب چیز دکھائی جسے دیکھ کر ڈاکٹرز بھی حیران رہ گئے۔
امریکن جرنل آف گیسٹرو اینٹرولوجی کے مطابق ڈاکٹر نے مریض کی آنت میں گھر میں پائی جانے والی سالم مکھی کو پایا جسے دیکھ کر نہ صرف ڈاکٹر بلکہ مریض خود بھی پریشان ہوگیا۔
مریض کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس نے کالون اسکوپی سے قبل کی جانے والی تمام احتیاط کیں تھی اور صرف نرم غذا کا ہی استعمال کیا تھا جبکہ مریض کے مطابق اس نے غلطی سے بھی مکھی کو نہیں نگلا۔
جریدے میں ڈاکٹرز نے بتایا کہ کالون اسکوپی کی تاریخ میں پہلی بار ایسا عجیب کیس سامنے آیا ہے کہ مکھی آنت میں ایک ہی جگہ پھنسی ہوئی تھی اور وہ مردہ حالت میں تھی۔
ڈاکٹرز نے کہا کہ سالم مکھی آنت تک پہنچی کیسے یہ بھی ایک حل طلب معاملہ ہے۔
ڈاکٹرز کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ آلودہ کھانا کھانے کی وجہ سے کچھ مریض ایسے بھی آئے جن کے پیٹ میں مکھی کے انڈے پائے گئے جنہیں متلی، پیٹ درد اور پیٹ خراب جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اس کیس میں تو مریض کو کسی قسم کی کوئی شکایت بھی نہیں ہوئی۔
مزید پڑھیں: شادی میں رس گلے کم پڑنے پر ہاتھاپائی ، 6 افراد ہسپتال پہنچ گئے
ڈاکٹرز نے تمام لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ کھانے کو اچھی طرح دیکھ کر کھائیں اور سبزیوں، پھلوں کو دھو کر استعمال کریں۔