اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر ڈاکٹر طارق محمود خان اور آل کشمیر نیوز پیپرز ایسوسی ایشن ( اے کے این اے) کے اراکین اور نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار میں ڈی جی انفارمیشن سروس اکیڈمی ارشد منیر، ڈی جی پی آئی ڈی عنبرین گل، صدر اے کے این اے امجد چودھری اور سول سوسائٹی اور دیگر میڈیا ایسوسی ایشنز کے اراکین نے بھی شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل اور جموں و کشمیر کے عوام کو انصاف اور امن کی فراہمی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔
بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے، مشعال ملک نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر کے لوگوں کی تحریک آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش میں نسل کشی، ماورائے عدالت قتل، حراست میں تشدد، کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال، بچوں اور خواتین کے خلاف تشدد، جبری گمشدگیوں، پیلٹ گنز، اجتماعی سزا، کالے قوانین، فالس فلیگ آپریشنز جیسے غیر قانونی، غیر انسانی اور غیر اخلاقی ہتھکنڈے استعمال کر دہا ہے۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے آبادیاتی منظر نامے کو تبدیل کرنے اور مسلم اکثریت کو خطے میں اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیر قانونی ہندو بستیوں کے قیام کے مودی کے اقدام پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ 05 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کے بعد بھارت کی طرف سے غیر کشمیریوں کو کشمیری ڈومیسائل کے اجراء میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
مشعال ملک نے پرامن کشمیری قیادت کے غیر منصفانہ اور غیر قانونی حراست پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ کشمیری رہنما یا تو جیلوں میں بند ہیں یا گھروں میں نظر بند ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی قبر کو بھارت نے سب جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے مودی حکومت کا کشمیری رہنما یاسین ملک کو جھوٹے اور من گھڑت الزامات کو جواز بنا کر جانبدارانہ قانونی کارروائی کے ذریعے سزائے موت سنانے کی کوشش پر دنیا سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان بھارتی دہشت گردی کی کارروائیوں کا نشانہ ہے اور پاکستان کے اندر ٹارگٹ کلنگ میں بھارتی ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آر ایس ایس کے دہشت گرد نیٹ ورک کی عالمی رسائی عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔
مشعال ملک نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں کریں۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی کشمیر کے مسئلے کے بارے میں آگاہی اور بیداری پیدا کرنے کے لیے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینار منعقد کرنے پر دلی تعریف کی۔