اسلام آباد(کرائم رپورٹر) ایف آئی اے نے افغان باشندوں کو پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری کرنے والے گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے 3 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور نادرا کے 4 افسران سمیت 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے افغان باشندوں کو پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری کرنے والے بین الاقوامی ریکٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے 3 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، 4 ایجنٹس، 5 افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا۔
ایک دوسری کاروائی میں جعلی دستاویزات پر شناختی کارڈ تیار کرنے میں ملوث نادار کے 4 افسران اور ایجنٹوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کے مطابق کارروائی نادرا اور پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈائریکٹوریٹ اسلام آباد کی شکایت پر عمل میں لائی گئی جس کے دوران مجموعی طور پر 16 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے جس کی روشنی میں افغان باشندوں کے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنانے میں ملوث مزید نادرا اورپاسپورٹ اینڈ امیگریشن افسران اور ایجنٹوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔