گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )واسا ہیڈ آفس میں حملہ توڑ پھوڑ تشدد کا واقعہ، واسا ملازمین کا احتجاج رنگ لے آیا وکلاء اور سرکاری ملازمین میں صلح ہوگئی ،نیو واسا لیبر یونین نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق تین روز قبل محکمہ واسا کے بااثر ناد ہندگان کی طرف سے واسا ہیڈ آفس پر حملہ توڑ پھوڑ ، افسران اور ملازمین پر تشدد کے خلاف واسا ملازمین نے احتجاجا جلوس نکالا اور ڈی سی آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ،اورشدید نعرے بازی کی۔ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بروقت ایکشن نہ لیئے جانے پر واسا ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کردی، واسا کے تمام 30 ڈسپوزل اور 73 واٹر سپلائی موٹریں بند ہوجانے سے شہر کا سیوریج سسٹم بند ، گٹروں کا گندہ پانی جمع ہونے سے محلوں اور سڑکوں میں گٹروں کا گندہ پانی جمع ہوگیا ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، گوجرانوالہ بار کے صدر عامر منیر باگڑی اور سیکرٹری رانا علی آفتاب ا ور میڈم شکیلہ رانا ایڈووکیٹ نے ایم ڈی واسا کاشان بٹ سے انکے آفس میں ملاقات کرکے وکلا اور واسا کے مابین کشیدگی ختم کروادی جس پر نیو واسا لیبر یونین سی بی اے کے سابق صدر جہانذیب ارشاد چٹھہ،صدر سہیل سہوترا نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا ۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری رانا توقیر حسین بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں سا بق صدر جہانذیب ارشاد چٹھہ نے کہا ہے کہ واسا ملازمین ہمار ا فخر قابل قدر اثاثہ ہیں واسا ملازمین کے حقوق کا ہر فورم پر تحفظ کریں گے۔ کسی کو محکمہ واسا میں غنڈہ گردی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین واسا کو کبھی بھی مایوس نہیں کریں گے ۔ ملازمین کی جنگ ہمیشہ کی طرح لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیو واسا لیبر یونین سی بی اے پہلے کی طرح ملازمین کے ساتھ ہے ۔ جہانذیب ارشاد چٹھہ نے کاشان حفیظ بٹ ایم ڈی واسا اور مقصود انجم رانا ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس کی ادارے کے لئے ان خدمات کو بھی سراہا جو وہ شہریوں ،محکمہ واسا اور ملازمین کے لئے دے رہے ہیں۔