اسلام آباد(کرائم رپورٹر)اے این ایف نے مختلف کارروائیوں میں 631 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق منشیات اسمگلنگ کے خلاف ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں، اس دوران 15 کارروائیوں میں 631 کلو سے زائد منشیات برآمد کرکے 12 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ نوکنڈی چاغی سے 100 کلو افیون، 35 کلو چرس اور 5 کلو مارفین برآمد کرلی گئی۔ آر سی ڈی روڈ لسبیلہ سے 129 کلو چرس برآمد ہوئی جب کہ وندر حب سے 24 کلو افیون، 50 کلو ہیروئن اور 5 کلو آئس برآمد کرلی گئی ہے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد ائرپورٹ پر سعودیہ جانے والے مسافر سے ایک کلو ہیروئن اور 4.8 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔ دریں اثنا سیالکوٹ ائرپورٹ پر قطر جانے والے مسافر سے ایک کلو آئس برآمد کی گئی۔ اسلام آباد ائرپورٹ پر شارجہ جانے والے مسافر سے 69 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کرلیے گئے۔
اُدھر لاہور ائرپورٹ پر دوحا جانے والے مسافر سے 448 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان بائی پاس پر ملزم سے 216 کلو چرس برآمد کی گئی۔ جی ٹی روڈ پشاور پر ملزم سے 19 کلو چرس اور 6 کلو افیون برآمد کی گئی۔ مندرہ ٹول پلازہ راولپنڈی کے قریب ملزم سے 8.4 کلو افیون اور 6 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ جامشورو ٹول پلازہ کے قریب ملزم سے 10 کلو چرس برآمد ہوئی۔
اے این ایف کارروائی میں زخہ خیل خیبر سے 6 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ ایک اور کارروائی میں مظفر گڑھ ملتان میں ملزم سے 3.6 کلو چرس برآمد ہوئی۔ وہاڑی چوک ملتان میں 2 ملزمان سے 3 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔ شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب ملزم سے ایک کلو ہیروئن اور 2 کلو چرس برآمد ہوئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔