اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجراں اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ اور سیکرٹری و کنوینیئر ٹریڈرز کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چوہدری نے کہا ہے کہ مہنگائی کا ذمہ دار تاجروں کو ٹھہرانا سراسر زیادتی ہے۔ جبکہ حکومت نے گیس کی قیمت میں کئی سو گنا اضافہ کیا ہے اور گیس کے بلوں نے عوام اور تاجروں کی چیخیں نکلوا دی ہیں ۔ بجلی کا ریٹ ہسٹری کی بلند ترین سطح پر ہے حکومت مفت بجلی سپلائی تو نہ روک سکی لیکن بجلی کی چوری بھی کنٹرول نہ کر سکی ۔ چوری دیگر علاقوں میں ہوتی ہے اور ادائیگی دارالحکومت کے رہائشی کرتے ہیں ۔ گیس کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے عام آدمی کے لئے روٹی بھی مہنگی ہو چکی ہے ۔ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور مہنگائی کا جو طوفان حکومتی اقدامات کی وجہ سے آنے والا ہے اس کا تصور کر کے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں-
نئی حکومت کی آمد سے قبل ہر قسم کے ٹیکس بڑھائے جا رہے ہیں تاکہ آنے والی حکومت کہ سکے کہ ٹیکس انہوں نے نہیں لگانے۔ لیکن حکومتی اقدامات کی وجہ سے کاروبار سکڑ گئے ہیں اور دکانداروں کو روزمرہ کے اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ پرائس کنٹرول کمیٹی کی عدم موجودگی کی وجہ سے سبزی فروٹ اور دیگر روزمرہ کی اشیاء کی قیمتیں کنٹرول سے باہر ہیں ۔ رمضان میں روزمرہ اشیاء کی مارکیٹ میں قلت ہو جائے گی تو انتظامیہ چھاپے مارے گی اور دکانداروں کو بھاری جرمانے کئے جائیں گے۔ بھاری جرمانوں سے مہنگائی کنٹرول نہیں ہو سکتی چیف کمشنر آئی سی ٹی کیپٹن ریٹائرڈ انوار الحق دارالحکومت میں پرائس کنٹرول کمیٹی فعال کرنے کے احکامات جاری کریں۔