اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیری فنکاروں اور موسیقاروں نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالنے اور جموں وکشمیر کی جدو جہد آزادی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں انڈیا اسٹڈی سینٹر (ISC) کے زیر اہتمام آرٹ کے ذریعے کشمیری شناخت اور یکجہتی نامی سیمینار اور نمائش سے خطاب کر رہی تھیں۔ سیمینار نے نوجوان پاکستانی اور کشمیری فنکاروں کو اکٹھا کرنے، کشمیری شناخت اور جدوجھد آزادی کی فنکارانہ عکاسی اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک پلیٹ فارم کا کردار ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے سیمینار کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ تقریب پاکستان اور کشمیر کے نوجوانوں کو آرٹ کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر کے موسیقاروں نے ایسے گیت تخلیق کیے ہیں جو مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں میں مزاحمت کے جذبات کی مقامی اور عالمی سطح پر عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے سے تعلق رکھنے والے فنکاروں، فلم سازوں اور فوٹوگرافروں نے کشمیر میں زندگی کی تلخ حقیقتوں کو سیاسی کارٹونز، عکاسیوں، دستاویزی فلموں اور طاقتور تصاویر کے ذریعے پیش کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے، ناول، مختصر کہانیوں اور مضامین کے ذریعے کشمیری عوام کو آواز فراہم کرنے کے لیے کشمیری شاعروں اور ادیبوں کے کردار کا بھی اعتراف کیا۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کشمیری فنکاروں اور آرٹسٹس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال سے بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی طرف سے جاری جدوجہد آزادی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔
مشعال ملک نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور کشمیر کی جدوجہد آزادی کا بیانیہ عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں ثقافتی تقریبات، کنسرٹس اور آرٹ فیسٹیولز کے مؤثر کردار پر زور دیا۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے پاکستان کے تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کی جانب سے ثقافتی میلوں کے انعقاد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ثقافتی میلوں میں کشمیری ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لیے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری فنکاروں کے فن پارے عالمی سطح پر اپنی پہچان پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مشعال ملک نے ثقافتی سفارت کاری کی فروغ کےلئے اقدامات اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ثقافتی سفارتکاری کشمیریوں کی آواز عالمی سطح پر بلند کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بین الاقوامی ثقافتی تقریبات میں شرکت کے لیے کشمیر اور پاکستان کے فنکاروں کے درمیان تعاون پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلمیں عالمی سطح پر بیداری بڑھانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے پاکستان کے میڈیا ہاؤسز پر زور دیا کہ وہ ایسی دستاویزی فلمیں بنائیں جو کشمیر کے لوگوں، فنکاروں، موسیقاروں اور شاعروں کی زندگیوں اور جدوجہد پر مبنی ہو۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ فنکار آرٹ کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور دنیا میں انصاف اور امن کا پیغام دینے میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔
مشعال حسین ملک نے کشمیر آرٹ نمائش کا افتتاح کیا، بھارتی جبر کے تحت کشمیریوں کی زندگیوں کی عکاسی کرنے والے فن پاروں کا مشاہدہ کیا اور کشمیر آرٹ مقابلہ میں پوزیشن لینے والے آرٹسٹوں میں انعامات تقسیم کیے۔