اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) ٹریڈرز ویلفیر ایسوسی ایشن ای الیون کے عہدیداروں کے الیکشن کا انعقاد ہوا ۔ جس میں تاجر انصاف گروپ نے پینسٹھ ووٹوں سے برتری حاصل کی ۔ افتخار عباسی صدر – عمران خورشید جنرل سیکرٹری – اسرار عباسی نائب صدر – باسط عباسی جوائنٹ سیکرٹری اور منظور قسوری چیرمین منتخب ہوئے۔
جیت کے بعد تاجروں نے ریلی نکالی اور جشن منایا . آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ۔ سیکرٹری ٹریڈرز ایکشن کمیٹی خالد چوہدری ۔ ایڈنشل سیکرٹری انجمن تاجران عرفان چوہدری اور دیگر تاجر راہنماؤں نے جیتنے والے گروپ کو مبارک باد دی –
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ اور سیکرٹری خالد چوہدری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ کے دکانداروں نے ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندوں کا چناؤ کیا ہے اور اس انتخاب پر وہ بھی مبارک باد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کرائے بڑھنے سے مہنگا ترین شہر بن چکا ہے۔ جبکہ اسلام آباد میں قانون کرایہ داری نافذ ہے ۔ سی ڈی اے سمیت کوئی بھی ادارہ یا مالکان قانون کے مطابق دس فی صد تک کرایہ بڑھانے کا اختیار رکھتے ہیں ۔ اس لئے سی ڈی اے کی طرف سے یکمشت کئی گنا کرایہ بڑھانا غیر قانونی ہے ۔ چیرمین سی ڈی اے کیپٹن ریٹائرڈ انوار الحق نوٹس لیں ۔
نو منتخب صدر افتخار عباسی اور جنرل سیکرٹری عمران خورشید نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے تاجروں کے مسائل کے حل کے لئے انجمن تاجران سے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔
مزید پڑھیں: سوئی گیس کی ایڈیشنل سیکورٹی طلب کرنا غیر قانونی ہے، اجمل بلوچ