اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ سیکرٹری و کنوینیئر ٹریڈرز کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چوہدری ۔ جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز – سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد عباسی – ایف ٹین مرکز کے صدر احمد خان – جی ٹین مرکز کے صدر اخلاق عباسی اور سٹیل مارکیٹ کے صدر عرفان چوہدری نے کہا ہے کہ ایف بی آر پاکستان کے پانچ بڑے شہروں میں ریٹیل کا کاروبار کرنے والوں کی آمدن پر مزید ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جو کہ سراسر غلط ہے۔ اور جبکہ پاکستانی تاجر آئی ایم ایف کے غلام نہ ہیں جو ان کے ہر حکم کی تعمیل کریں۔ ٹیکس لگانے کی تجویز اسلام آباد – پشاور – لاہور – کراچی اور کوئیٹہ کے شہروں کے لئے کی گئی ہے حالانکہ پاکستان بھر کے تمام شہروں کے لئے مساوی قانون ہے۔ چند شہروں میں ٹیکس لگانا درست نہ ہے کاروبار پہلے ہی ختم ہو چکے ہیں – ٹیکسوں کی بھرمار سے کاروبار کے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہیں۔ مہنگائی کا طوفان جاری ہے ۔ مہنگائی کی وجہ سے کاروبار تقریباً تیس فی صد سکڑ چکے ہیں ۔ اور تاجروں کی بقاء کا مسئلہ ہے۔ ایسے حالت میں ریٹیلر ٹیکس نافذ کرنے کا کوئی جواز نہ ہے۔ ایف بی آر نے زبر دستی ریٹیلرز ٹیکس لگانے کی کوشش کی تو تاجر برادری سخت مزاحمت کرے گی ۔ اور احتجاج کرے گی۔