نامزد وزیراعلیٰ مریم نواز نے نگران حکومت کو بجٹ پیش کرنے سے روک دیا، اگلے 4ماہ کا بجٹ نئی حکومت پیش کرےگی۔
نگران حکومت نے پہلے چار ماہ یکم جولائی سے 30 اکتوبر تک کا بجٹ دیا تھا۔ بعد ازاں یکم نومبر سے 29 فروری تک کا بجٹ دیا تھا۔ اب حکومت سازی میں تاخیر کی وجہ سے 29 فروری کو ختم ہونے والے بجٹ پر نگران حکومت نے آخری چار ماہ کے بجٹ کی تیاری شروع کر دی تھی۔
نامزد وزیر اعلی مریم نواز نے بریفنگ کے دوران بیورو کریسی کو مارچ کا ایک ماہ کا بجٹ پیش کرنے کی ہدایات دی ہیں۔اب ایک ماہ مارچ کا بجٹ تیار کیا جارہا ہے جس کے بعد اسمبلی آخری تین ماہ کا بجٹ منظور کرے گی۔اپریل مئی جون کا بجٹ منظوری کے ساتھ ساتھ نگران دور حکومت کے 9 ماہ کے اخراجات کو بھی قانونی شکل دی جائے گی۔
مریم نواز نے مارچ میں رمضان پیکج کے لئے بھی بیورو کریسی کو ایک ماہ کے بجٹ میں پیسے رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔