راولپنڈی (نیوز ڈیسک)پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی راولپنڈی کے زیرِ اہتمام جشن بہاراں فیسٹیول علامہ اقبال پارک میں 9-11 مئی تک جاری ہے اور گزشتہ رات افتتاحی تقریب میں ملک کے مشہور قوالوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کو محظوظ کیا۔
پی ایچ اے راولپنڈی کے زیر اہتمام تین روزہ جشن بہاراں فیسٹیول علامہ اقبال پارک میں مئی 9-11 تک جاری ہے جس کی افتتاحی تقریب کا آغاز ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے کیا افتتاحی تقریب میں راولپنڈی شہر سے بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے اور گزشتہ رات افتتاحی تقریبات میں پنجاب کی دلفریب ثقافت اور روایت کو اجاگر کر کے عوام کو مسحور کیا گیا۔
پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی راولپنڈی کے زیر اہتمام تین روزہ جاری فیسٹول میں پنجاب کے روائتی گھوڑا ڈانس، گھڑ سواری نیزہ بازی اور ثقافتی سرگرمیوں، موسیقی، فلاور شو کے ساتھ ساتھ آتش بازی اور قوالی نائٹ کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
تین روزہ جاری فیسٹول میں لوگوں کو بہترین تفریح فراہم کرنے کے لیے پنجابی فوک میوزک لائیو پرفارمنس، لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو، غزل شو، کلاسیکی موسیقی کے پروگرام، میوزیکل گالا کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
علامہ اقبال پارک راولپنڈی میں جاری جشن بہاراں فیسٹیول میں کھانے پینے کے کئی سٹالز بھی لگائے گئے ہیں، مزید مٹی کے برتنوں اور فلاور شو کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے ۔
گزشتہ رات افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے کہا کہ پی ایچ اے پنجاب حکومت کی ویژن کے مطابق عوام کو معیاری تفریح فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
راولپنڈی اور گردونواح کے لوگوں کی جانب سے گزشتہ شام جشن بہاراں فیسٹیول میں جاری پروگرامز کو سراہا گیا اور فیسٹول کی تقریبات 11 مئی تک جاری رہیں گی۔
پی ایچ اے کے زیر اہتمام نیزہ بازی اور گھڑ سواری کے پروگرام پی ایچ اے نرسری گورکھپور مین منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں پنجاب بھر سے گھڑ سوار ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔