اسلام آباد(وسیم بٹ)وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے سفیر شیروا عبداللہ ابراہیم نے صومالیہ نیشنل یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر حسن عثمان گال اور صومالیہ کی بینادیر یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد محمد حسن کے ہمراہ، پیر کے روز صدر، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول تعلیم کے فروغ اور دونوں ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان تعلیمی روابط کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوران ملاقات اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مختلف فیکلٹیز میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے تعاون سے صومالیہ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مزید بہتری کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
ملاقات کے دوران بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی کی شاندار خدمات اور جامعہ کی ترقی میں ان کے نمایاں کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے صومالیہ کے سفیر نے اسلامی یونیورسٹی میں معیاری تعلیم کی فراہمی، طلباء کی سہولت کے لیے ترجیحی اقدامات اور تحقیق میں پیش رفت کو سراہا۔ صومالیہ کے سفیر نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی صومالیہ میں طلباء کی بڑی تعداد کے لیے توجہ کا مرکز ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی میں زیر تعلیم صومالیہ کے طلباء کی بہترین دیکھ بھال پر صدر جامعہ کا شکریہ ادا کیا۔
یونیورسٹی کے صدر نے سفیر کو یونیورسٹی کی تاریخ، مستقبل کے منصوبوں، وژن اور حالیہ سرگرمیوں اور کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں صومالیہ کے مزید طلباء کو خوش آمدید کہا جاے گا اور ان کے لیے اس جامعہ کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت 80 سے زائد صومالی طلبا و طالبات جامعہ زیر تعلیم ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 3 سالوں میں یونیورسٹی کے نئے اسٹریٹجک پلان کے تحت کی گئی اصلاحات کے نتیجے میں یونیورسٹی نے دنیا بھر میں رینکنگ میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور ساتھ ہی اس کی کامیابیاں بھی دگنی ہوگئی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی صومالیہ کی یونیورسٹیوں کے ساتھ وفود کے تبادلے پر بات چیت کے لیے ہر وقت دستیاب ہوگی اور انہیں جامعہ کے تجربات سے استفادہ کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
مزید پڑھں: قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں شاندار فری لائنسنگ روڑ شوکا انعقاد