اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کے تمام بچوں کو ان کا مفت اور لازمی تعلیم کا آئینی حق ملنا چاہیے ۔ وزیر اعظم کا تعلیمی ایمرجنسی کے لئے اعلان خوش آئند ہے ان خیالات کا اظہار تعلیم نیٹ ورک پاکستان کی چیئرپرسن سینیٹر روزینہ عالم خان نے 46ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان کونسل کے بانی چیئرمین مرحوم زاہد ملک کے ویژن پر ہم مادر وطن کے ہر بچے کو پڑھنے لکھنے کی سہولیات فراہم کریں گے ۔ بانی ومرکزی صدر پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک اور جنرل سیکرٹری تعلیم نیٹ ورک پاکستان ڈاکٹر محمد افضل بابر نے کہا کہ مجلسِ اعلیٰ کے فیصلوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے فوری طور پر خواندگی مرکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ اس کے لئے کم آمدنی والے نجی تعلیمی اداروں کی مینجمنٹ ،اساتذہ اور عمارتیں معاون ہونگی۔ اجلاس میں نرگس ناصر، ارشد سعید ، ڈاکٹر محمد سلیم، ڈائریکٹر ایڈمن ملک محمد سلطان اور ڈائریکٹر میڈیا قیصر حمید نے بھی تجاویز دیں۔