گوجرانوالہ(نیو زڈیسک)اسلام کمزوروں کے دکھ درد میں شریک ہونے کی تعلیمات دیتا ہے۔انسانیت کی خدمت بہترین عبادت ،غریب و نادار گھرانوں کی بیٹیوں کی اجتماعی شادیاں سلیمانی ھیئر ڈریسر ویلفیئر سوسائٹی کا طرہ امتیاز بن چکا ہے۔ یہ خوش آئند بات ہے کہ سلیمانی ھیئر ڈریسر ویلفیئر سوسائٹی سالوں سے عوامی فلاح و بہبود کیلئے خدمات سرانجام دے رہی ہے ۔ ایسی سوسائٹی اور ان کے عہدیداروں و کارکنوں کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کرنا قابل ستائش ہے ۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے سوشل ویلفیئراور بیت المال ڈیپارٹمنٹ گوجرانوالہ کی طرف سے سلیمانی ھیئر ڈریسر ویلفیئر سوسائٹی کو بیسٹ پرفارمنس ایوارڈ دینے کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیسٹ پرفارمنس ایوارڈ سوسائٹی کے صدر عارف حسین منہاس اور سینئر نائب صدر ،تنویر احمد جنجوعہ،سرپرست محمد اسلم ناگرہ نے وصول کیا۔سلیمانی ھیئر ڈریسر ویلفیئر سوسائٹی کے تعارف اور اظہار تشکر کے لئے سوسائٹی کے صدر عارف حسین منہاس نے تقریب میں سلیمانی ھیئر ڈریسر ویلفیئر سوسائٹی کے جاری منصوبہ جات اور سرگرمیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اب تک کی سلیمانی ھیئر ڈریسر ویلفیئر سوسائٹی کی کی طرف سے کرائی گئی اجتماعی شادیوں، تعلیم و صحت اور فلاح عام کے سلسلے میں کی جانے والی کاوشوں کو بیان کیا انہوں نے بتایا کہ اب تک سوسائٹی کے زیر اہتمام 510بچیوں کی اجتمائی شادیاں کروائی جاچکی ہیں اور 20 اجتماعی شادیاں اسی ماہ21مئی کو شہنائی میرج ہال جی ٹی روڈ پر میں کروائی جائیں گی۔ سینئر نائب صدر ،تنویر احمد جنجوعہ نے بھی خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے فلاحی کام جاری و ساری رہیں گے۔