راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء و حلقہ این اے 56 سے امیدوار محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ 8 فروری سے پاکستان میں ترقی کا دور شروع ہو گا۔ سیٹ نہ ہونے کے باوجود دس سال سے راولپنڈی کی خدمت کر رہے ہیں ۔راولپنڈی میں جتنے میگا پراجیکٹس بنیں ہیں پاکستان کے کسی شہر میں اتنے پروجیکٹس نہیں بنے ۔ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے ہمیشہ ہماری لاج رکھی ہے اب ہم نے 8 فروری کو الیکشن جیت کر ان کی لاج رکھنی ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز خیابان سرسید میں شیخ برداری شکر گڑھ کے سپوت ومسلم لیگی رہنما شیخ حسن جبار کی جانب سے جلسہ عا م کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے مسلم لیگ ن کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی پی 16 ضیاء اللہ شاہ ، علامہ شیخ قاسم ،چیئرمین چوہدری زبیر، شیخ حسن جبار ، شیخ افضل ، شیخ اعجاز نے بھی خطا ب کیا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ہماری ساتھ جو ظلم کیا گیا ہم نے اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کیا آج ہم سرخرو ہوئے ۔ عمران خان کو ان کے تکبر کی سزا مل رہی ہے ۔ 8 فروری کے بعد ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 16 کے امیدوار ضیاء اللہ شاہ کا کہنا تھا کہ حنیف عباسی نے راولپنڈی کے عوام کی خدمت کی ہے ۔ الیکشن میں کامیابی کے بعد پورے شہر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دینگے ۔ میں شیخ حسن جبار اور ان کی برادری کا شکر گزار ہوں کہ وہ ہر مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ رہے ۔ ضیاء اللہ شاہ نے کہا کہ میاں نواز شریف ترقی اور خوشحالی کا نام ہے ۔پاکستا ن معاشی بحران سے جلد باہر نکلے گا۔ ،خیابان سرسید شیخ برداری شکر گڑھ کے سپوت ومسلم لیگی رہنما شیخ حسن جبار نے جلسے میں شرکت کرنے والے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو صرف شیر پر مہر لگا کر ان امیدواروں کو کامیاب کرنا ہے ۔