گوجرانوالہ (سٹا ف رپورٹر)سابق وفاقی وزیر و امیدوار این اے 78 انجینئر خرم دستگیر خان، امیدوار پی پی 60 معظم رؤف مغل نے کہا ہے کہ عمران خان نے سیاست میں بدتمیزی اور گالم گلوچ کے کلچر کو فروغ دیا۔ملک پاکستان کیساتھ 2018ء میں ہونیوالا تجربہ عمرانی ناکام ثابت ہوا۔عمرانی ٹولہ نے اقتدار پر قابض ہوکر سیاسی مخالفین کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا اور ملک میں کرپشن، لوٹ مار کا بازار گرم رکھا۔تجربہ عمرانی کی صورت میں پاکستان کا ہونیوالا نقصان ناقابل تلافی ہے۔عمرانی ٹولہ نے ملک کو ترقی و خوشحالی کے لحاظ سے کئی برس پیچھے دھکیل دیا۔پاکستان مسلم لیگ ن اور میاں نواز شریف ہی ملک و قوم کو مشکلات سے نکال سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے سلسلہ میں سابق یوسی چیئرمین عاطف مسعود بٹ کی رہائشگاہ پر منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیدوار ایم پی اے عاطف مسعود بٹ نے اپنے ساتھیوں سمیت آئندہ الیکشن میں مسلم لیگی امیدواروں انجینئر خرم دستگیر خان،امیدوار ایم پی اے پی پی 60 معظم رؤف مغل کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور انہیں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن ہی ملک و قوم کیساتھ مخلص جماعت ہے۔الیکشن میں میاں محمد نواز شریف کے شیروں کو ووٹ کی طاقت سے کامیاب کروائیں گے۔