گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )انجمن تاجران پرانی سبزی منڈی کے صدر حافظ محمد الیا س،مرکزی تاجر امن کمیٹی کے صدر میاں محمد اکرم،جنرل سیکرٹری محمد عظیم بٹ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی کی کامیابی پر سابق وفاقی وزیر بیرسٹر عثمان ابراہیم ، نو منتخب ایم این اے شاہد عثمان ابراہیم ایم ،حاجی محمد نواز چوہان ایم پی اے اور عمران خالد بٹ ایم پی اے سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں کامیابی پر ہار پہنائے، مبارک باد دی اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے ۔ اس موقع پر محمد عباس و دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ملاقات میں نو منتخب اراکین اسمبلی نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہماری کامیابی میں تاجر برادری کا بہت بڑا حصہ ہے۔ جنہوں نے مشکل حالات میں مربوط رابطہ عوام مہم چلائی اور مخلص دوستوں کے ساتھ مل کر اپنے الیکشن کو کامیابی کی طرف لے گئے ،الیکشن میں پرانی سبزی منڈی کے تاجروں سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے ۔ انشاء اللہ بہت جلدحکومت سازی کا عمل مکمل ہونے اور مسلم لیگ کے اقتدار میں آنے کے بعد شہر کی تعمیرو ترقی و تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔پرانی سبزی منڈی میں سابق تاجر دشمن حکومت کی طرف سے بنائی گئی چاردیواری کو گرا کر کے متاثرین تاجروں کو کو انکی جگہ پر پھر سے بحال کریں گے۔ نو منتخب اراکین نے مزید کہا کہ عوامی توقعات پر پورا اتریں گے۔انہوں نے حافظ محمد الیا س ،میاں محمد اکرم سمیت عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ حلقہ کے عوام کا اپنے قائد سے والہانہ محبت کا ثبوت ہے جس کی آواز پر لوگ کثیر تعداد میں نکل کھڑے ہوئے ان کی کامیابی شاندار ہے وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں ۔