اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)موٹروے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی کل 182 کلو اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور افیوم برآمد کرلی ۔کاروائی ایم ون صوابی کے قریب عمل میں لائی گئی ۔ ایم ون صوابی ٹول پلازہ پر موٹروے پولیس کی جانب سے ڈرائیور کو بریفنگ کا عمل جاری تھا ۔صوابی سے داخل ہونے والی ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا گیا جس پر ڈرائیور نے گاڑی موقع سے بھگا دی ۔موٹروے پولیس کی جانب سے مشکوک گاڑی کا پیچھا کیا گیا لیکن ڈرائیور خطرناک طریقے سے گاڑی بھگاتا رہا ۔آپریشن میں موٹروے پولیس کی ایک سے زائد گاڑیوں نے سڑک پر موجود دیگر گاڑیوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے حصہ لیا ۔پولیس کو پیچھے اتے دیکھ کر ملزم صوابی کے قریب گاڑی سڑک پر چھوڑ کر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا۔گاڑی کی تلاشی لینے پر بھاری مقدار میں منشیات برآمدکرلی ۔منشیات میں 5۔128 کلو چرس اور 5۔53 کلو افیوم شامل ہیں ۔واقع کی اطلاع پاتے ہی موٹروے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئے۔ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔