گوجرانوالہ(آئی ایم ایم) ممتاز روحانی رہنماء اور مفتی اسلام پیر محمد عثمان افضل قادری سجادہ نشین درگاہ مقدسہ نیک آباد شریف کی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے ملاقات۔ ملاقاتمیں علامہ راشد تنویر قادری، مولانا حمیر علی قادری ودیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ علمائے کرام کی دین کے لئے خدمات قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر میں علما ، مشائخ اوراولیائے کرام کی کاوشوں سے اسلام پھیلا۔
انہوں نے کہا کہ علما کرام کا معاشرے میں امن ، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ہے۔ اسلام ہمیں محبت ، برداشت اور رواداری کا درس دیتا ہے اور انہی احکامات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے کو امن اور محبت کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔
گورنر نے کہا علمائے کرام معاشر ے میں برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔پیر محمد عثمان افضل قادری نے کہا کہ ختم نبوتۖ ایمانوں کا حصہ اور حساس ترین مسئلہ ہے۔ اس حوالہ سے جید علمائے کرام ومشائخ عظام کے تحفظات دور کئے جائیں۔ مہنگائی سمیت عوام پاکستان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ وطن عزیز پاکستان کے استحکام وسلامتی کے لئے دعا گو ہیں۔