تیمر گرہ، اسلام آباد(عامر رفیق بٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب 3 بار سلیکٹ ہوچکے، چیلنج ہے کہ چوتھی بار الیکٹ ہو کر دکھائیں۔
تیمر گرہ میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دو جماعتوں کا ارادہ ہے کہ وہ الیکشن جیت کر سیاسی انتقام لیں، جو 3 بار وزیرِ اعظم بن کر فیل ہو چکا ہے وہ چوتھی بار کیا تیر مارے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب پہلے انہی سے لڑے تھے جنہوں نے دو تہائی اکثریت دلائی تھی، میاں صاحب کو لڑائی کی وجہ سے 10 سال تک آرام کرنا پڑا تھا، میاں صاحب کا ایک بار پھر مطالبہ انہی سے ہے کہ دو تہائی اکثریت دلاؤ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے میاں صاحب چوتھی بار آکر کیا کریں گے، میاں صاحب پھر انہی سے پنگا لیں گے جو انہیں دو تہائی اکثریت دلائیں گے، ملک کے معاشی حالات ایسے نہیں ہیں کہ ہم انتقام کی سیاست یا کھلاڑی کو افورڈ کرسکیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نہ زمان پارک کا وزیراعظم میرا مخالف ہے نہ رائیونڈ کا وزیراعظم میرا مخالف ہے، عوام جس مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں اس کا آغاز پی ٹی آئی دور میں ہوا، نگراں حکومت میں ایسے لوگ ہیں جو سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھتے ہیں،میاں صاحب کے کارکن آج بھی وزارتیں سنبھال رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ میاں صاحب کا وزیر پی آئی اے بیچ نہیں رہا بلکہ خرید رہا ہے، ہم کسی کو اس طرح پی آئی اے خریدنے نہیں دیں گے، میرا بانی پی ٹی آئی سے اختلاف صرف یہ تھا کہ وہ سلیکٹ ہوکر کیوں آئے؟ بانی پی ٹی آئی امپائر کی انگلی پر سیاست کرتے رہے اور حکومت چلاتے رہے۔
مزید پڑھیں: سابق صدرآصف زرداری اوربلاول بھٹوسے عوامی نیشنل پارٹی کے وفدکی ملاقات
بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب کو پیغام ہے کہ سلیکشن کی سیاست چھوڑیں اور الیکشن کی سیاست کریں۔