اسلام آباد(ویب ڈیسک) مسلم لیگ( ن) کے رہنما جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ آج بعض سیاستدان اور کچھ اینکر یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ الیکشن التواء ہو سکتے ہیں، الیکشن کا التواء ملکی مفاد کے خلاف ہوگا، ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان کا سیاسی و معاشی استحکام نواز شریف کو انصاف کی فراہمی سے جڑا ہے۔ جتنا جلدی نواز شریف کو انصاف ملے گا اتنا جلدی ملک میں سیاسی و معاشی استحکام آئے گا۔
مزید پڑھیں: عام انتخابات :الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی چیف سیکریڑیز کو خط لکھ دیا
جاوید لطیف کا مزید کہنا ہے کہ بےگناہ کو انصاف نہیں مل رہا اور گناہگار کو بیلنس کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ آپ سوچیں 190 ملین پاؤنڈ کھانے والوں پر قانون حرکت میں نہیں آ رہا تھا، لاڈلے پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا تھا، کیا پاکستان میں انصاف چہرے دیکھ کر ملے گا۔