اسلام آباد (عامر رفیق بٹ)وفاقی وزیربرائے غذائی تحفظ وتحقیق ڈاکٹرکوثرعبداللہ ملک نے کہاہے کہ مکئی قومی غذائی تحفظ کی ضروریات کے حوالے سے ایک اسٹرٹیجک فصل ہے اور وفاقی وزارت برائے غذائی تحفظ و تحقیق جدید ترین تکنیکی ایجادات کو فروغ دینے اور فصل کی مسلسل نشوونما کے لیے ایک قابل عمل پالیسی فراہم کرنے کیلئے موثرپیمانے بروئے کارلارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراپ لائف پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔کراپ لائف پاکستان کے وفد نے وفاقی وزیر ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک کو بیج کے شعبے بالخصوص مکئی میں ان کے تعاون خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پیداوار میں چار گنا اضافہ ہوا ہے اور مجموعی پیداوار 1 ملین میٹرک ٹن سے بڑھ کر متاثر کن 10.5 ملین میٹرک ٹن ہو گئی ہے۔وفاقی وزیرڈاکٹرکوثرعبداللہ ملک نے کہا کہ ملکی زراعت کے فروغ میں مزیدانقلابی تبدیلی لانے کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں پلانٹ بریڈرز رائٹس ایکٹ کا نفاذ، بیج کمپنیوں اور آزاد بریڈرز کے دانشورانہ حقوق کے تحفظ میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ڈی این اے فنگر پرنٹنگ اور سیڈ کمپنیوں کیلئے آپریٹنگ معیارکو ہموار کرنا شامل ہے، بیج کی تحقیق اور فراہمی کے مجموعی معیار کومزید بہتر بنائیں گے۔کراپ لائف کے نمائندوں نے مزید کہا کہ اس کی رکن کمپنیاں پاکستان کے 80 فیصد سے زیادہ ہائبرڈ مکئی کے بیجوں کی مجموعی طور پر مارکیٹنگ کرتی ہیں اور جدید ترین اعلیٰ پیداوار والے ہائبرڈز اور کسانوں کی تعلیم کے پروگرام متعارف کرانے کے لیے نمایاں سرمایہ کاری کی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان دنیا کا سستا ترین ملک قرار