راولپنڈی(نیوز ڈیسک) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وہ جعلی کیسز بھگت رہے ہیں، یہ کیس ختم ہوگا تو دوسرا بنادیا جائے گا، ملک میں ’سلیکشن پروسس‘ کو روک کر الیکشن پروسس شروع کیا جانا چاہیے۔
فواد چوہدری کو بکتر بند گاڑی میں راولپنڈی کچہری پہنچایا گیا، ان کا گزشتہ روزاسلام آباد سے ایک دن کا راہداری ریمانڈ لیا گیا تھا۔
انہیں ڈیوٹی جج غلام مصطفیٰ کی عدالت میں پیشی کے لیے راولپنڈی کچہری پہنچایا گیا، محکمہ اینٹی کرپشن نے فواد چوہدری کے سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
راولپنڈی کی مقامی عدالت نے پینتیس لاکھ روپے کے بدعنوانی کیس میں فواد چوہدری کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں کل متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا اور سماعت ملتوی کر دی۔
پیشی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سب جھوٹے کیس بھگت رہے ہیں، مقدمات پرمقدمات بنائےجارہےہیں، دیکھتے ہیں کتنے بناتے ہیں، میں جعلی کیسز بھگت رہا ہوں، یہ کیس ختم ہوگا تو دوسرا بنادیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو کہنا چاہوں گا کہ چالیس بعد بھی اگر انہوں نے مجلس شوریٰ اور ایک نامزد ادارے کے ذریعے اقتدار میں آنا ہے تو اس کا کیا فائدہ ہوگا، ملک میں سلیکشن پروسس کو روک کر الیکشن پروس کو شروع کیا جانا چاہیے۔
مزید پڑھیں: کسی جماعت کو طاقت کے زور پر سیاسی عمل سے باہر نہیں کرنا چاہئے، قمر زمان کائرہ
انہوں نے کہا کہ فاصلے کم کریں، ورنہ جو ہو رہا ہے، دنیا میں ملک کا مزاق ہی بنے گا۔