پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج کی جانب سے پورے خیبر پختونخواہ بالخصوص نئے ضم اضلاع میں پولیس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے پانچ مختلف مراحل میں اب تک 23,792 پولیس اہلکاروں کو تربیت دی جا چکی ہے۔
اس حوالے سے شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں تین ہفتوں پر مشتمل 40 پولیس اہلکاروں کی خصوصی تربیت جاری ہے۔ اس کے علاوہ 600 سے زائد پولیس اہلکاروں کو ایس ایس جی کی سپیشلائزڈ ٹریننگ، 300 اہلکاروں کو ماسٹر ٹریننگ، 34 اہلکاروں کو آئی ای ڈی کو ناکارہ بنانے کی تربیت دی جا چکی ہے۔
گزشتہ دو برسوں کے دوران شمالی وزیرستان میں پاک فوج نے چار ہزار اہلکاروں کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی ہے۔ پاک فوج کے جانب سے ان تربیتی کورسز میں ہتھیاروں کا استعمال، سرچ آپریشن اور ناگہانی صورتحال میں شہریوں کا تحفظ شامل ہے۔
اس ٹریننگ کی بدولت خیبرپختونخواہ کے یہ پولیس اہلکار مستقبل میں دہشتگردی سے نمٹنے اور امن کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اس کے علاوہ پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں پولیس کے 53 شہداء کے لواحقین کی دیکھ بھال بھی کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: 9 مئی واقعات، پی ٹی آئی رینما یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، روبینہ جمیل پر فرد جرم عائد