اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے باجوڑ کی تحصیل ماموند میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے جانے والے پولیس ٹرک کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس دہشتگردانہ حملے کے نتیجے میں جام شہادت نوش کرنے والے متعدد سیکیورٹی اہلکاروں کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندانوں کو صبر و جمیل عطا کرے۔چیئرمین سینیٹ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور عوام نے لازوال قربانیوں دی ہیں۔ خطے کے امن کے بقا کے لیے سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا۔ایسے بزدلانہ حملے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر محمد اسحاق ڈاراور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی باجوڑ کی تحصیل ماموند میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے جانے والے پولیس ٹرک کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے اس دہشت گرد حملے کے نتیجے میں شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔