اسلام آباد: سندھ کے ضلع کشمور کے شہر کندھ کوٹ میں گیس لیکیج کے باعث الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 4 ملازمین کی المناک وفات پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا اور اراکین الیکشن کمیشن نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کشمور میں گیس لیکیج کے باعث الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 4 ملازمین دم گھٹنے سے وفات پاگئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں الیکشن آفیسر مشتاق احمد، ڈیٹا آپریٹر غلام فرید، سب اسسٹنٹ عبدالرؤف اور ملازم ماجد شامل ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے اپنے پیغام میں مرحومین کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا اور واقعہ کی انکوائری کا حکم دے دیا۔