راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)مبینہ غیر شرعی نکاح کیس میں بانی تحریک انصاف عمران خان اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی ۔
دوران سماعت بشریٰ بی بی کے وکیل نے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جس کی پراسکیوشن کے وکیل رضوان عباسی نے مخالفت کی ،مؤقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی کے وکلا بار بار حاضری سے استثنیٰ مانگ رہے ہیں، گزشتہ سماعت پر بھی میڈیکل گراؤنڈز پر استثنیٰ مانگا گیا، آج بھی بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش نہیں کی گئی۔
عدالت نے دو مرتبہ سماعت میں وقفہ کر کے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو پیش ہونےکا حکم دیا ،بشریٰ بی بی کے وکیل نے عدالت میں بتایا کہ وہ لاہور ہیں اور ان کی طبعیت خراب ہے، مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔،بیرسٹر گوہر خان ، سردار لطیف کھوسہ اور سردار شہباز کھوسہ نے بھی عدالت سے بشریٰ بی بی ایک دن کی استثنیٰ کی درخواست کی ،وکلاء کی تحریری ضمانت کے بعد عدالت نے بشریٰ بی بی کو کل ہر صورت پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔