اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران ملکی مجموعی صورتحال سمیت سیاحت کے فروغ کے حوالے سے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو گلگت بلتستان کے انتظامی امور سمیت درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کیا گیا تھا مگر گلگت بلتستان کو اس حوالے سے متعلقہ فنڈزوفاقی حکومت کی جانب سے منتقل نہیں کیئے گئے جس کی وجہ سے نہ صرف گلگت بلتستان کے سرکاری ملازمین کو شدید مالی مسائل کا سامنا ہے بلکہ گلگت بلتستان کو بھی معاشی مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ سے درخواست کی کہ وہ فنڈز کے اجراءکا معاملہ نگران وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھائیں تاکہ سرکاری ملازمین اور علاقے کے معاشی مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جا سکے ۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو یقینی دہانی کرائی کہ وہ گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے اورفنڈز کے اجراءکا معاملہ ایوان بالاءکی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بھیجا جائے گا اور گلگت بلتستان کے فنڈز کے اجراءکو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے چیئرمین سینیٹ کو یہ بھی آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی عوام کو صحت کارڈ دیئے گئے تھے اورکچھ عرصہ سے گلگت بلتستان کی عوام کے لئے صحت کارڈ کی سہولت کو روک دیا گیا ہے جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں یہ سلسلہ ابھی بھی جاری ہے جس کی وجہ سے عوام کو طبی سہولیات کے حصول کے حوالے سے سخت پریشانی کا سامنا ہے ۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو یقین دہانی کرائی کہ عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے صحت کارڈ کے مسئلے کو کو جلد سے جلد حل کرایا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ملک کی مجموعی صورتحال سمیت گلگت بلتستان کے حوالے سے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی حسن کی دولت سے مالا مال ہے۔ یہ خطہ دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے ایک حسین اور پر کشش مقام ہے۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کو فروغ دے کر نہ صر ف ان علاقوں بلکہ ملک کی معاشی صورتحال میں بھی بہتری لائی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے قدرتی مناظر اور علاقائی ثقافت کو بھر پور انداز میں اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سیاحت کو موثر فروغ ملے گا اور لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع میسر ہونگے ۔