اسلام آباد(سٹا ف رپورٹر)پاکستان سول ایویشن اتھارٹی نے سیرین ائیر اور ائیر بلیو کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ شوکاز نوٹس پروازوں میں تاخیر اور مسافروں کے حقوق کی خلاف ورزی پر جاری کئے گئے۔پروازوں میں طویل تاخیر اور متعدد منسوخیوں نے بڑی تعداد میں مسافروں کو متاثر کیا۔سیرین ایئر اور ایئر بلیو کو بالترتیب 2 جنوری اور 15 جنوری کو نوٹس جاری ہوئے۔ائیر بلیو، سیرین ائیر اپنے اپنے فلائٹ آپریشنز بروقت اور باقاعدگی سے انجام دینے میں ناکامی رہیں۔دونوں آپریٹرز نے تسلیم شدہ ریگولیٹری قوانین کو نظر انداز کیا جس سے مسافروں کے لئے خاصی مشکلات پیدا ہوئیں۔ائیر بلیو اور سیرین ائیر کو مالی جرمانے، لائسنس کی معطلی یا منسوخی جیسے اقدامات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔طے شدہ پروازوں کی تعداد کو کم کرنے جیسے اقدامات بھی عمل میں لائے جاسکتے ہیں۔دونوں آپریٹرز کو سات دن میں اپنے اپنے جوابات جمع کرانے کا کہا گیا ۔پی سی اے اے مسافروں کی آسانی، سیکیورٹی اور سہولت کو برقرار رکھنے کا اعادہ کرتی ہے۔