اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر پلوشہ خان نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے فیصل آباد میں تاریخ ساز جلسے کے بعد مسلم لیگ(ن) کی قیادت حواس باختہ ہوگئی ہے۔ لاہور اور راولپنڈی میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کے بینرز اور جھنڈے اتارے جا رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو چاہیے کہ پیپلزپارٹی کے پرچم اتارے جانے کا نوٹس لے۔ سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ راولپنڈی میں میونسپل کارپوریشن کے ملازمین پیپلزپارٹی کے پرچم اور بینرز اتار رہے ہیں۔ پنجاب میں بلدیاتی اداروں میں مسلم لیگ(ن) کے عہدیدار بٹھائے گئے ہیں جو مریم نواز کی ہدایت پر یہ حرکتیں کر رہے ہیں۔ سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے پرچم اور بینرز اتارنے کے باوجود مسلم لیگ(ن) شکست سے نہیں بچ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی پرانی روایات کو تبدیل کرے اور اپنے آپ میں برداشت کا حوصلہ پیدا کرے۔