اسلام آباد(محمد حسین )جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں تاجکستان اور پاکستان فٹبال میچ کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی وقت کی اشد ضرورت ہے۔ فیفا کوالیفائر دوسرے راؤنڈ کے میچ کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے، ہوم گراؤنڈ پر ایک اور فیفا کوالیفائر کی میزبانی کرنے پر شکریہ ادا کیا، جسے 20,000 پرجوش فٹ بال شائقین نے دیکھا۔ انہوں نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹیفن کانسٹینٹائن اور کھلاڑیوں کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں اسٹیفن کانسٹینٹائن اور اپنے کھلاڑیوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیں خوش کرنے کے لمحات فراہم کئے۔ انہوں نے فٹ بال کے شائقین کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا کھیل سے لگاؤ اور محبت ہے جس نے پاکستانی فٹبال کو زندہ رکھا ہے۔تاجکستان کے خلاف قومی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے تاجکستان کی بہت اعلیٰ ٹیم کے خلاف اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کی، اتنے کم وقت میں توقع سے بہت بہتر کھیلا۔ انہوں نے ورلڈ کپ کے لیے جاپان کے 50 سالہ منصوبے کی نشاندہی کرتے ہوئے طویل المدتی منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا، جس نے انہیں فٹ بال میں ایشیائی پاور ہاؤس بنا دیا ہے۔ ہارون ملک نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ اے ایف سی کپ کے لیے کوالیفائی کیا جائے۔ میں ٹیم کی کارکردگی سے بہت مطمئن اور خوش ہوں، اور مجھے امید ہے کہ وہ قومی ٹیم کے کوچ اسٹیفن کانسٹینٹائن کی قابل کوچنگ اور رہنمائی کے تحت اس میں مزید بہتری لائیں گے۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی نے ون ڈے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی