اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین فارن ڈیلیگیشن کمیٹی چوہدری مظہر نے کہا ہے کہ ٹیکسز بھرمار کے باعث رئیل اسٹیٹ سیکٹر شدید گرداب میں پھنسا ہوا ہے،اربوں روپے کی ٹیکس چھوٹ واپس ختم ہونے اور نئے ٹیکسز لگنے سے کاروباری لاگت اور مہنگائی مزید بڑھ گئی ہے، اوورسیز سرمایہ کار نے ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال میں بہتری نا آنے کے باعث سرمایہ کاری بند کر دی ہے ۔رئیل اسٹیٹ سیکٹر پہلے ہی شدید مسائل میں پھنسا ہوا ہے ایسے میں کاروبار دوست اقدامات کرنے ضروری ہیں مگر حکومت درآمدات کو کنٹرول کرنے اور روپے کے زوال کو روکنے کے لئے نتیجہ خیز اقدامات نہیں کر سکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلے جو معیشت کو مزید نقصان پہنچائیں ان سے بہتر ہے کہ ٹیکس قوانین میں سقم دورکرنے کیلئے اسٹیک ہولڈرز کیساتھ مشاورت کی جائے کیونکہ جب تک ٹیکسیشن نظا م میں سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اصلاحات نہیں ہوں گی اسوقت تک ریونیوکا ہدف پورا نہیں ہوگا جس کے لئے حکومت سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر اس سلسلہ میں قانون سازی کر ے اور اس پر عمل درآمد کیلئے متعلقہ اداروں کارویہ بھی کاروبار دوست ہوناچاہیے ۔