اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست کازلسٹ سے منسوخ کر دی۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری مقدمات کی کاز لسٹ میں ریٹائرمنٹ کے بعد قانونی رکاوٹ توڑنے اور مختلف ایونٹس کو غلط بیان کرنے سے متعلق جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے خلاف اندراج مقدمہ سے متعلق درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہری عاطف علی کی سابق آرمی چیف اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست 28 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر تھی۔
تاہم اب عدالت نے جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست کازلسٹ سے منسوخ کر دی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق اس درخواست کی سماعت کو کینسل کرکے لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔
مقدمہ اندراج کی درخواست پر ہائیکورٹ نے ایف آئی اے، قمر جاوید باجوہ اور فیض حمید کے علاوہ صحافی جاوید چوہدری، شاہد میتلا، پیمرا اور پریس ایسوسی ایشن آف پاکستان کو بھی نوٹس کیا تھا۔
مزید پڑھیں: عمران خان کولانے والےبھی ملک اجاڑنےکےذمہ دار ہیں:نوازشریف
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے 6 اکتوبرکو فریقین کو نوٹسز ارسال کیے گئے تھے، فریقین کو 28 نومبر کی سماعت سے 3 دن قبل جواب اور اپنے دفاع میں دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ابتدائی سماعت کے بعد فریقین کو نوٹسز جاری کیے تھے۔