اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے چئیرمین فارن ڈیلیگیشن کمیٹی چوہدری مظہر نے کہا ہے کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر حکومتی توجہ کا منتظر ہے اس کی بہتری کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے، روزگار کا ذریعہ تعمیراتی انڈسٹری کو ٹیکسز کی شرح میں کمی کر کےریلیف دیا جائے حکومت پیٹرولیم اور یوٹیلٹی بلز کی قیمتوں کو نیچے لا کر ایک سطح پر منجمد کرے اور ٹیکسز کی شرح میں بھی کمی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں لاکھوں تاجر ملک کی ایک بڑی آبادی کوروزگار کی فراہمی کا ذریعہ ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اربوں روپے کے ٹیکسز کی ادائیگی بھی کر رہے ہیں حکومت چھوٹے کاروباروں کو نظر انداز کرنے کی پالیسی کو ترک کرے اور اس کی ترقی کے لئے جامع پالیسی بنائی جائے. مہنگائی کی شرح میں کمی کی بجائے اضافہ ہونا تشویش کا باعث ہے بیروزگاری اور مہنگائی کی رفتار کے مقابلے میں آمدن نہ بڑھنے کی وجہ سے لوگوں کی قوت خرید میں کمی ہو رہی ہے جس کے کاروباروں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں.