اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) نوجوانوں کو سماجی برائیوں سے دور رکھنے کے لئے گراؤنڈ آباد کرنا ہونگے۔ کم آمدنی والے نجی تعلیمی ادارے آبادی کے 85فیصد طلبہ کو اپنی مدد آپ کے تحت معیاری تعلیم فراہم کررہے ہیں ان خیالات کااظہارپرائیویٹ سکولز نیٹ ورک کے زیر اہتمام 14ویں سالانہ سپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی ایکٹنگ چیف کمشنر پاکستان بوائے اسکاوٹس ایسوسی نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہزاروں بچوں کے بلند حوصلے کو کھیل کے میدان میں دیکھ کر مجھے فخرمحسوس ہورہا ہے کہ ہماری نسل نو محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔ پی ایس این کے بانی مرکزی صدر ڈاکٹر محمد افضل بابر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کا حصہ بناکر اچھے شہری بنانا ہونگے ہائی وے زون کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سپورٹس ڈائریکٹر اور انکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ نرسری جماعت سے میٹرک تک کے بچوں کا ٹیلنٹ ہنٹ کرنا پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک کا نصب العین ہے۔ تقریب سے آل پاکستان پرائیویٹ نرسنگ سکولز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمود صادق دھوتھڑ ، مقبول حسین ڈار ، اکبر علی خاں ، آل بلوچستان پروگریسیو پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے صدر محمد نواز پندرانی،محمود رفیع اور قومی کرکٹر یاسر جان نے بھی خطاب کیا۔