اسلام آباد(نیوز ڈیسک) عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے پشاور اور اسلام آباد سے 2 خواجہ سراؤں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔
قومی اسمبلی کی نشست این اے 47 سے خواجہ سرا نایاب علی نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے جب کہ خیبر پختوانخوا سےصوبائی اسمبلی کی نشست کے پی 18 کیلئے خواجہ سرا صوبیہ خان نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
2018 میں صرف ایک خواجہ سرا نے الیکشن میں حصہ لیا تھا تاہم 8 فروری 2024 کو ہونے والے الیکشن میں اس بار اب تک 2 خواجہ سرا حصہ لینے کی خواہش مند ہیں۔
بیچلر کی ڈگری رکھنے والی صوبیہ خان کو خیبرپختونخوا کی پہلی خواجہ سرا ریڈیو جوکی کا اعزاز بھی حاصل ہے اور وہ ایک آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑیں گی جس کیلئے وہ مہم بھی چلا رہی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں صوبیہ خان نے کہا کہ اگر وہ الیکشن جیت جاتی ہیں تو وہ اپنی کمیونٹی کی خواتین اور بچوں کے حق کیلئے کام کریں گی۔
دوسری جانب این اے 47 اسلام آباد سے امیدوار خواجہ سرا نایاب علی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اسلام آباد کے 11 لاکھ ووٹرز میں سے 5 لاکھ خواتین ہیں، میں خواتین اورکچی آبادیوں کے حقوق کیلئے کام کروں گی۔
مزید پڑھیں: لیول پلیئنگ فیلڈ، سپریم کورٹ کا الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کے وکلا سے 3 بجے ملاقات کرنے کا حکم
واضح رہے کہ 2018 میں خیبر پختوانخوا سے ماریہ نامی خواجہ سرا نے آزاد امید وار کی حیثیت سے الیکشن لڑا تھا اور 536 وٹ حاصل کیے تھے جو خاتون امیدواروں کے ووٹوں سے زیادہ تھے۔