اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما و حلقہ قومی اسمبلی این اے 47اسلام آباد سے امیدوار محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں الخدمت فائونڈیشن ،ملک بھر کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا کام کر رہی ہے یہ کام ریاست اور حکومت پاکستان کو سر انجام دینا چاہئے لیکن حکومتیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ہر دور میں ناکام رہی ہیں اور الخدمت فائونڈیشن نے ملک بھر میں نوجوانوں کو تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنانے کیلئے ”بنو قابل ” پروگرام شروع کیا یہ پروگرام ملک بھر کے طلبہ و طالبات کو ہنر مند بنانے انہیں تعلیم فراہم کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے شروع کیا گیا جس کے تحت اسلام آباد میں ہفتہ کو ہزاروں نوجوانوں کے ٹیسٹ ہوئے ان نوجوانوں کو ڈیجیٹل اورآئی ٹی کی دنیا کے تین، تین ماہ کے کورسز کرائے جائیں گے جن کو مکمل کرنے کے بعد انہیں نہ صرف روزگار میسر ہوگابلکہ یہ نوجوان اپنے قدموں پر کھڑے ہو سکیں گے،اس پروگرام کے ذریعے ملک میں بے روزگاری کا خاتمہ ہوگااور ملک بھرمیں روزگار کے مواقع میسر ہونگے جاری بیان کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے ذریعے پاکستان میں خطیر زر مبادلہ لانا ممکن ہوگا اور پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ بڑھانے کا باعث بھی بنیں گے ،پاکستان کی آئی ٹی بر آمدات3فیصد سے زائد نہیں ہے جبکہ بھارت میں آئی ٹی ایکسپورٹ 200ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔اس پروگرام سے آئی ٹی کا ہنر سیکھنے سے نوجوان جہاں اپنا اور اپنے خاندانوں کی کفالت کر سکیں گے وہی ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی اہم کر دار ادا کریں گے ان کا کہنا تھا کہ الخدمت فائونڈیشن ریاست پاکستان اور حکومت پاکستان کا وہ کام کر رہی ہے جو حکومت کو کرنا چاہئے اور نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائے ،حکومتیں اپنی ذمہ دارایاں پوری نہیں کرتی تو الخدمت فائونڈیشن ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں نوجوانوں کو ” بنو قابل ”پروگرام کے ذریعے ہنر سکھا کر انہیں روزگار کے مواقع فراہم کر رہے ہیں