راولپنڈی(عامر رفیق بٹ) کثیر الملکی مشترکہ اسپیشل فورسز کی مشقیں فجر الشرق پنجم اختتام پذیر ہوگئیں۔ پاکستان، بحرین، عراق اور کویت کی اسپیشل فورسز کے دستوں نے اختتامی تقریب میں اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کثیرالملکی مشترکہ اسپیشل فورسز کی مشقیں فجر الشرق پنجم کی اختتامی تقریب نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں منعقد ہوئی، مشقوں میں پاکستان، بحرین، عراق اور کویت کی اسپیشل فورسز کے دستوں نے حصہ لیا۔
دو ہفتے جاری رہنے والی مشق کا آغاز 27 نومبر 2023 کو ہوا، جس میں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے مشقیں کی گئیں۔ مشق کرنے والے فوجیوں کے علاوہ برادر ممالک بحرین، عراق اور کویت کے افسران نے بھی اختتامی تقریب کا مشاہدہ کیا۔
شرکاء ممالک کی اسپیشل فورسز نے آخری روز اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ اس مشق کا مقصد برادر ممالک کے درمیان تاریخی فوجی تعلقات کو مزید تقویت دینا اور انسداد دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے سمیت مستقبل کے فوجی تعاون کے لئے باہمی دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی کرنا تھا۔
مزید پڑھیں: چیلنجز سے باخبر، پاک فوج کی توجہ سرحدوں کے دفاع پر مرکوز ہے: آرمی چیف