لاہور(نیوزڈیسک)اے این ایف کا منشیات سمگلنگ کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز 10 کارروائیوں میں 912 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کرکے 4 خواتین سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے مسافر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزم کے پیٹ سے 58 آئس بھرے کیپسول برآمد ہوئے تھے۔ ملتان ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 52 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہوئے۔ ملزم پرواز نمبر PA-812 کے ذریعے شارجہ کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔ لاہور ایئرپورٹ کے کارگو آفس سے آسٹریلیا کیلئے بُک پارسل سے 5 کلو آئس برآمد ہوئی۔ کراچی کے کوریئر آفس میں سعودی عرب کیلئے بُک کئے گئے پارسل سے 4.5 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔ چمن کے علاقے کلی شین تالاب کے قریب خالی مکان سے 148.7 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ بائی پاس روڈ جیکب آباد پر لاوارث ٹرک سے 620 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ گوادر کے علاقے سردشت سے 118 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ 26 نمبر چونگی اسلام آباد کے قریب 4خواتین سے مجموعی طور پر 6 کلو چرس اور 1 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔ بُرہان انٹرچینج اٹک کے قریب گاڑی میں موجود 2 ملزمان سے 4.2 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ عسکری پارک کوئٹہ کے قریب 2 ملزمان سے 2کلو چرس اور 2 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی بڑی کارروائی، مختلف تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والا بڑا نیٹ پکڑا گیا