اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل سلطان علی خواجہ نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے حکومت پاکستان و وزارت مواصلات سے منظور ی کے بعدٹریفک قوانین پر موثر عملدرآمد، محفوظ سفر اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پہلے مرحلے میں یکم اکتوبر2023سے موٹرویز، ہزار ہ اور سوات ا یکسپریس ویز پر صرف کار اور جیب پر مخصوص جرمانوں کی شرح میں اضافہ کیا گیا تھا۔ ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں کیلئے مختص کردہ جرمانوں کی شرح میں اضافہ حکومت نے موٹرویز اور ہائی ویز کے استعمال کنندہ گان کی ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے روک تھام کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ جرمانوں کی شرح میں اضافہ نیشنل ہائی وے سیفٹی آرڈیننس 2000 کے ترمیم شدہ بارویں شیڈول کے مطابق کیا گیا ہے۔دوسرے مرحلے میں یکم جنوری 2024سے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے دائرہ اختیار میں آنیوالی تمام موٹرویز، ایکسپریس ویز اور ہائی ویز پر چلنے والی تمام قسم کی گاڑیوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی شرح میں اضافہ کیا جا ئے گا۔
نظر ثانی شدہ جرمانے کے نفاذ کے بعد یکم جنوری 2024سے حدر رفتار کی خلاف ورزی کرنے پر موٹر سائیکل سوار کو1500،کار کیلئے 2500، مسافر بردار گاڑی 10,000اورمال بردار گاڑی کیلئے 5000 جرمانے مختص کئے گئے ہیں۔ لاپرواہی سے موٹر سائیکل، کار اور LTVچلانے پر 1500روپے جبکہPSVاور HTVگاڑی پر 5000جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ بغیر لائسنس موٹرسائیکل، کار اورLTVگاڑی چلانے پر 5000جبکہ مسافر بردار اور مال بردار گاڑیوں (HTV) کیلئے 10,000روپے جرمانہ مختص کیا گیا ہے۔مقررہ حد سے زیادہ وزن لادنے پر مال بردار گاڑی کیلئے 10,000جرمانہ ہو گا۔ایمرجنسی گاڑیوں کو راستہ نہ دینے پر 5000جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ مقررہ حد سے زیادہ اور خطرناک انداز میں مسافر بیٹھانے کی صورت میں مسافر بردار گاڑیوں کو 5000روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اسی طرح بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 1000روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ سیٹ بیلٹ کے بغیر کار اورLTV چلانے پر 1500جبکہ مسافر بردار اور ہیوی گاڑیوں پر 3000روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر موٹر سائیکل سوار اور کارڈرائیور کو 500،LTVکیلئے 2000جبکہ مسافر بردار اور ہیوی گاڑیوں کو5000روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکل، کار اورLTVکو 2000جبکہ مسافر بردار اور ہیوی گاڑیوں کو5000روپے جرمانہ کیا جائے گا۔اسی ضمن میں دیگر ہر قسم کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھی جرمانوں کی شرح میں یکم جنوری 2024سے اضافہ کر دیا جائے گا۔
انسپکٹر جنرل سلطان علی خواجہ نے مزید کہا ہے کہ جرمانوں کی شرح میں ترمیم کا مقصد موٹرویز اور ہائی ویز پر مسافروں کی حفاظت اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس موٹرویز اور ہائی ویز پر شہریوں کی محفوظ اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔جرمانوں کی شرح میں اضافے کا فیصلہ حادثات پر قابو پانے اور ٹریفک قوانین پرموثر عمل درآمد کیلئے کیا گیا ہے لہذا بھاری جرمانوں سے بچنے کیلئے شہری ہر صورت میں ٹریفک قوانین پر عمل کریں اوراپنے سفر کو محفوظ بنائیں۔ سفر کے دوران شہریوں کی جان و مال کا تحفظ موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
مزید پڑھیں: دُھند کے باعث لیلہ سے کوٹ مومن تک موٹروے بند