گوادر(مانیٹرنگ ڈیسک) نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے دبئی سے گوادر پہنچ کر پاکستان چین دوستی اسپتال کا افتتاح کردیا۔
انوار الحق کاکڑ نے اسی تقریب میں گوادر کے سمندری پانی کو زیر استعمال بنانے کے پلانٹ کا بھی افتتاح کیا، اس تقریب میں نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان، چینی سفیر اوردیگر چینی حکام بھی شریک ہوئے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اپنی زمین سے خاص نسبت ہونے پر خوشی ہے، پاکستان کے چین سے تعلقات اچھے ہیں، اللہ نے ہمیں چین کی صورت میں بہترین ہمسایہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، چین کی ترقی سے سیکھ رہا ہے، سی پیک کے ذریعے گوادر کی عوام ترقی کے دور میں داخل ہوگئی، پاکستان کی ترقی میں بلوچستان کی ترقی سب سے پہلے ہے۔
نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی آبادی کم اور مواقع زیادہ ہیں، گوادر کے لیے صاف پینے کا پانی ایک دیرانہ مسئلہ تھا جب کہ گوادر ایئر پورٹ بھی فعال ہونے والا ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ آنے والے سالوں میں پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی جس سے نوجوانوں کو گوادر میں کام کرنے کے مواقع فراہم ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے موثر اقدامات کر رہے ہیں، چینی حکومت کی جانب سے سولر پینلز کے منصوبے کا اعلان پر مشکور ہیں۔
مزید پڑھیں: ہم نےاپنی آئندہ نسلوں کیلئے کرہ ارض کومحفوظ بنانا ہے: نگران وزیراعظم
افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں نگراں وزیراعظم نے کہا کہ منصوبوں میں بھرپور معاونت پر صوبائی حکومت کا مشکور ہوں، گوادر کے عوام ترقی کے سفر سے مستفید ہو رہے ہیں۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ سمت کا تعین ہوچکا، بلوچستان میں ترقی کایہ سفرجاری رہے گا، مستقبل میں مزید مواقع پیدا ہوں گے جس سے صوبہ مزید ترقی کرے گا، ترقی کے ثمرات سے استفادہ کے لیے ہمیں تیاری کرنا ہوگی۔