اسلام آباد(عامر رفیق بٹ)پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور وفاقی وزیر بے نظیر انکم سپورٹ فیصل کریم کنڈی نے سپریم کورٹ سے بھٹو کی پھانسی کے فیصلے کیخلاف سماعت کیلئے مقررصدارتی ریفرنس براہ راست دکھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کو اس وقت کے ڈکٹیٹر نے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت 4 اپریل 1979 کو پھانسی دی گئی تھی ۔ اتوار کو اپنے ویڈیو بیان میں پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور وفاقی وزیر بے نظیر انکم سپورٹ فیصل کریم کنڈی نے کہاپاکستان پیپلزپارٹی کے بانی سابقہ وزیراعظم نے پاکستان کو آئین دیا ،پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا ، فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جو پوری دنیا میں کردار ادا کیا وہ کسے سے ڈھکا چھپا نہیں۔ انہوں نے کہاکہ آصف علی زرداری جب پاکستان کے صدر تھے تو انہوں نے 4 اپریل کو صدارتی ریفرنس بھیجا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا ہے اس کا ٹرائل ہونا چاہیے،پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپلیکیشن دی ہے کہ انہیں بھی اسے کیس میں پارٹی بنایا جائے،سالوں سال جدوجہد کہ بعداب سپریم کورٹ نے کیس لگایا ہے، فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ منگل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کا کیس پاکستان کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں سنا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ منگل کو پیپلزپارٹی کے رہنمااپنے وکلا کے ساتھ سپریم کورٹ میں ہوں گے تا کہ دنیا کو بتایا جائے شہید ذوالفقار علی بھٹو کا قتل کیسے ہوا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری سپریم کورٹ سے اپیل اور مطالبہ ہے کہ بھٹو کی پھانسی کے فیصلے کیخلاف سماعت کیلئے مقررصدارتی ریفرنس براہ راست دکھایاجائے،اس سے پہلے بھی ایک کیس لائیو دکھایا گیا تھا تو ہمارا مطالبہ ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے کیس کو بھی لائیو سماعت کی جائے ۔
مزید پڑھیں: ذوالفقارعلی بھٹونےملک کوآئین دیا،نیئر حسین بخاری