اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ نے وزیر مذہبی امور انیق احمد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات ، مذہبی سیاحت اور ثقافت کے شعبہ میں تعاون بڑھانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے عراق کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ عراق اور پاکستان کے عوام میں عقیدت، محبت اور اخلاص کے رشتے ہیں۔ مذہبی سیاحت کے فروغ اور زائرین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے زیارت پالیسی وضع کی گی ہے جس میں زیارات کروانے والی نجی کمپنیاں حکومتی سطح پر رجسٹرڈ کی جائیں گی ۔ عراقی سفیر حامد عباس لفتہ نے زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی زائرین کے ویزوں کے اجراء اور سہولیات کیلئے سفارتخانہ عراقی وزارت داخلہ و خارجہ امور سے مکمل رابطے میں رہے گا۔ ملاقات میں بغداد اور کربلا میں زائرین کی سہولت کیلئے پاکستان ہاوس کی تعمیر بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: صادق سنجرانی کی نجف آمد ، عراقی رکن پارلیمنٹ عبدالہادی سے ملاقات