اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامرانے مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے کبھی بھی انتقام کی سیاست نہیں کی۔ انتقام کی سیاست ن لیگ کا وطیرہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی عجیب منافقت ہے۔ ایک ہی وقت کراچی میں امن بحال کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں ساتھ ہی متحدہ سے اتحاد کرتے ہیں۔ عاجز دھامرا نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) جب بھی اقتدار میں آتی ہے سندھ کے کسان پانی کے لئے ترستے ہیں۔ نواز شریف کا بس چلتا تو تھرکول منصوبہ ختم کر دیتا۔ انہوں نے اسٹیل ملز کو خریدنے کے لئے تباہ کیا۔ سینیٹر عاجز دھامرا نے کہا کہ بشیر میمن جیسے کھوٹے سکے مسلم لیگ(ن) کو مبارک ہوں۔ قانون کو مطلوب اور ڈاکوؤں کے سہولت کار تیغو تیغانی کی ن لیگ میں شمولیت بشیر میمن کی کارکردگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کے عوام کی خدمت کی ہوتی تو آج اس کے لیڈروں کو انڈے، پتھر اور چپیڑیں نہ پڑتیں۔
مزید پڑھیں: ملکی معیشت تب تک اچھی نہیں ہوسکتی جب تک اس میں خواتین کا کردار نہ ہو: بلاول