اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)اقبال کے موضوع پر تیسری بین الاقوامی کانفرنس 2023کا انعقاد 28نومبر 2023کو اسلام آباد ، لاہور اور کراچی کیمپسز میں ہوا۔ بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد ، چیئر مین ، ایچ ای سی،
مہمانِ خصوصی تھے ۔ متعدد بین الاقوامی یونیورسٹیاں اور ادارے کانفرنس کے پارٹنرز ہیں اور انہو ں نے اقبال پر مقررین ؍مفکرین کو اظہار خیال کا موقع فراہم کیا۔
رواں سال کانفرنس کا موضوع تھا ’’ فکر اقبال اور بیداریِ امت‘‘۔ایک سو سے زائد تحقیقی سکالرزاور اساتذہ نے اپنے تحقیقی مقالہ جات کاخلاصہ پیش کیا۔ ان مقالہ جات میں سے 72مقالہ جات کا انتخاب کرکے کانفرنس میں پیش کیا گیا۔
بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر جناب وائس ایڈمرل ( ریٹائرڈ)آصف خالق ، ایچ آئی ( ایم )نے کانفرنس کا افتتا ح کرتے ہوئے روشنی ڈالی کہ اس کانفرنس کا مقصد اقبال کے قرآنی خیالات کو قابل عمل سطح تک لانا اور نوجوان نسل کو اقبال کی تعلیمات اور فلسفے کے بارے میں آگا ہ کرناہے ۔ریکٹر نے نوجوانوں کو یاد دلایا کہ وہ مسلم امہ کی اقدار کے امین ہیں اور علامہ اقبال کو نوجوان نسل سے بہت سی توقعات تھیں۔ ریکٹر نے غیر ملکی سفیروں کی کانفرنس میں دلچسپی اور شرکت کو سراہااور شکریہ ادا کیا ۔
مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے بتایا کہ اقبال کی تعلیمات اسلام کے مستند علوم کی جڑ ہیں اور عصر حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق ہیں ۔ڈاکٹر مختار نے یہ بھی بتایا کہ اقبال کی تعلیمات نوجوانوں کو تحقیق اور ٹیکنالوجی میں اپنا آپ ثابت کرنے کیلئے نئی امید دلاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اقبال کی تعلیمات نوجوانوں میں مسلم امہ کا متوقع روشن مستقبل بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
قبل ازیں کانفرنس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد فیاض نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کس طرح علامہ اقبال کے موضوع پر ہونے والی اس کانفرنس کو ایک بین الاقوامی کانفرنس کی حیثیت حاصل ہوئی ۔جس کے ذریعے ہم نے متعدد ممالک سے تحقیقی مقالوں کا خلاصہ حاصل کیا جس میں ایران، بھارت، بنگلہ دیش ، ملائشیا ، مصر ، آسٹریلیا، اور امریکہ شامل ہیں۔
پاکستان اکیڈمی آف لیٹر کی چیئر پرسن محترمہ پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف نے اپنے خطاب میں یا د دلایا کہ اقبال کا پیغام صرف ہندوستانی مسلمانوں تک محدود نہیں تھا بلکہ وہ پوری امت مسلمہ کیلئے تھا۔ ایران بھی اقبال کے پیغام کو مسلم امہ کی تشکیل نو کیلئے بروئے کار لایا ہے۔
چیئرمین اقبال چیئر بحریہ یونیورسٹی نے اختتا م پر مسلم امہ اور مسلمان ممالک پر زور دیا کہ فیصلہ ساز ی میں اقبال کی تعلیمات کو شامل حال رکھا جائے جو نہ صرف مسائل کے حل کا ذریعہ بلکہ قوموں کی ترقی کا راستہ بھی ہے ۔
ریئر ایڈمرل (ریٹائرڈ) محمد ارشد جاوید، ایس آئی ( ایم)، پرو ریکٹر (اکیڈمکس)اور کانفرنس کے چیئر مین نے اختتامی خطاب میں کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد ایسی راہیں تلا ش کرنا تھا جس کے ذریعے اقبال کی تعلیمات کو مسلم امہ کے دوبارہ ابھرنے کا ذریعہ بنایا جا سکے، اور اپنے درخشاں ماضی پر روشنی ڈالی جا سکے۔ انہوںنے کانفرنس میں شرکت کرنے والے قومی و بین الاقوامی پارٹنرز کا شکریہ ادا کیا ۔
ہر سال بحریہ یونیورسٹی نومبر کے مہینے میں اقبال یوم پیدائش کی یاد میں کانفرنس کا انعقاد کرتی ہے ۔اقبال چیئر ، بحریہ یونیورسٹی کے زیر انتظام یہ اس سلسلے کی پانچویں کانفرنس ہے جس میں متعدد سفیروں اور دانشمندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مزید پڑھیں: تعلیم کسی بھی ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے،وفاقی وزیر تعلیم